خان کا حسینہ کو فون، پاکستان آنے کی دعوت
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو ٹیلی فون کیا ہے جس کو غیرمعمولی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے بدھ کو بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ٹیلیفونک رابطے میں بنگلہ دیش میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اور سیلاب سے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے حوالے سے بنگلہ دیش کے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے عالمی وبا کے باعث درپیش متعدد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعظم عمران خان نے شیخ حسینہ واجد کو ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کے عالمی اقدام سے متعلق بھی آگاہ کیا اور کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور برابری پر مبنی ہیں۔