راولپنڈی کی عدالت، توہین مذہب کے الزام میں پانچ شہریوں کو سزائے موت کا حکم
Reading Time: < 1 minuteتوہین مذہب کے مقدمات میں پانچ افراد کو مجرم قرار دے کر سزائے موت اور عمرقید سنا دی گئی۔
منگل کو راولپنڈی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق ایوب نے کیس کا فیصلہ سنایا۔
آن لائن/ سائبر سپیس میں توہین رسالت اور توہین قرآن کے مقدمات میں عدالت نے 5 مجرموں کو پھانسی، عمر قید اور 80 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
مجرم قرار دیے گئے پانچوں افراد کو مجموعی طور پر 65 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
جن افراد کو سزائیں سنائی گئیں اُن کے نام محمد ارسلان، علی عباس، فیصل ریحان، خرم افضال اور زنیر سکندر ہیں۔
ان افراد کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائمز سیل میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔
فیصلے کے بعد پانچوں مجرموں کو سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ مجرمان نے گھناؤنا جرم کیا ہے یہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ان کو اس وقت تک پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے جب تک موت واقع نہ ہو جائے۔
سزا سنائے جانے کے وقت عدالت میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور بڑی تعداد میں وکلا اور مجرم قرار دیے گئے افراد کے اہلخانہ و رشتہ دار موجود تھے۔