کالم

کشمیر اب ‘سرینگر ہائی وے’ کے ذریعے

اگست 4, 2020 2 min

کشمیر اب ‘سرینگر ہائی وے’ کے ذریعے

Reading Time: 2 minutes


عبدالجبارناصر

صاحب جی!
کشمیر ہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے رکھنے کی منطق تو بتا دیں!

کہیں آپ بھی مودی کی راہ پر تو نہیں چل رہے؟
مودی نے ریاست کشمیر کو یوٹی میں تبدیل کیا یعنی یوں سمجھیے کہ صوبے کو ضلع بنا دیا اور آپ نے بھی ریاست کے نام کو مٹا کر ایک شہر کا نام لکھ دیا۔ یہ مماثلت اتفاقی ہے یا پھر ۔۔۔

سرکار!
کشمیر نام ہے 84 ہزار مربہ میل پر پھیلی ہوئی ریاست جموں و کشمیر کا اور سرینگر اس کا ایک شہر ہے۔ کل کو چھوڑ کر ساری توجہ جزو پر ہی کیوں؟

عالی جاہ!
کشمیریوں کی 90 سالہ جدو جہد کسی ایک شہر کی آزادی کے لئے نہیں بلکہ ریاست کی آزادی کے لئے ہے ، ہر قربانی کا مقصد و مطلب ریاست کی آزادی ہے۔

حضور!
ریاست ماں ہے اور ماں کے نام کو مٹاکر اولاد میں سے کسی ایک کانام لکھنا یہ کہاں کی شرافت، انصاف اور حکمت عملی ہے؟

قبلہ!
بھارت کو تکلیف کسی شہر کے نام سے نہیں بلکہ کشمیر کے پاکستان کے ساتھ ذکر خیر اور تعلق سے ہے۔

مرشد!
ریاست جموں و کشمیر صرف سرینگر اور نہ ہی سرینگر کل وقتی دارالحکومت ہے، سرینگر گرمائی اور جموں سرمائی دارالحکومت ہے، آپ نے صرف سرینگر کا انتخاب کیوں کیا؟

ذی وقار!
قوم سے خطاب ہو یا اقوم متحدہ کی تقریر، دفتر خارجہ کا بیان ہو یا وزیر خارجہ کی بات چیت ، یہ بار بار وادی ، 90 لاکھ مسلمان اور سرینگر کا ذکرہی کیا محض اتفاق ہے؟

جہاں پناہ!
مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد مسلم غیر مسلم کی نہیں، جموں اور سرینگر کی نہیں، یہ جدو جہد صرف قومی آزادی کی ہے۔

صاحب صدر!
یہ لفظ کشمیر سے کیا پریشانی ہے ؟ کیا تکلیف ہے ؟ یہ مشورہ کس کا ہے ؟ کیا ناموں کے ردو بدل سے بھارت اپنی حرکتوں سے باز آئے گا ؟ کشمیر آزاد ہوگا ؟

عزت مآب!
اگر نام تبدیل کرنے سے آزادی ملنی ہے ، کشمیریوں پر مظالم ختم ہونے ہیں ، بھارتی درندگی بند ہونی ہو تو پھر چلیں ۔۔
لاہور کا نام دہلی
کراچی کا ممبئی
اسلام آباد کا آگرہ
حیدر آباد کا حیدر آباد دکن
مظفرآباد کا جموں
کوئٹہ کا احمد آباد
بنارس کا پشاور
لاہور شاہی قلعے کا لال قلعہ
بنی گالہ کا تاج محل
اور اور عمران خان کا نام نریندر مودی
شہباز شریف کا راہول گاندھی
بلاول بھٹو زرداری کا اروند کیجریوال
شاہ محمود قریشی کا ایل کے ایڈوانی
نام رکھ لیتے ہیں تاکہ دنیا سے بھارت کا نام و نشان بھی مٹ جائے اور کشمیر بھی آزاد ہو جائے!
قوم ملت کے لیے قربانی کا اتنا جذبہ تو ہم میں ہے۔

عظیم المرتبت!
مکرر عرض ہے کہ ’کشمیر ہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے رکھنے کی منطق کیا ہے؟
آپ کے عمل نے ہمیں یہ کہنے پر مجبور کیا ہے کہ
ہائے کشمیر ہائے کشمیر ہائے کشمیر ہائے رے ہائے کشمیر
’ہائے وے کشمیر‘ اور ’ہائے وے سرینگر‘
ہائے رے شہہ رگ پاکستان ، ہائے وے حکمرانِ پاکستان !

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے