بیروت: دھماکے میں 100 ہلاک، ہزاروں زخمی
Reading Time: < 1 minuteلبنان کے دارالحکومت بیروت میں بندرگاہ کے قریب دو خوفناک دھماکوں نے شہر میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے اور حکام کے مطابق کم از کم 100 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
دھماکوں کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے اور شہر میں خوف و ہراس و تباہی کے آثار دور دور تک دکھائی دے رہے ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی جاری کردہ تصاویر اور ویڈیوز میں سینکڑوں خوفزدہ شہریوں کو دیکھا جا رہا ہے جو محفوظ مقام کی جانب بھاگ رہے ہیں۔
لبنان کے وزیر صحت حماد حسن نے بتایا ہے کہ دھماکے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد زخمی ہوئی ہے۔
دوسرے دھماکے کی آواز شہر میں میلوں دور تک سنائی دی گئی اور شہر کے آسمان پر دور سے دھویں کے سیاہ بادل دکھائی دیے۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ دھماکے بندرگاہ کے قریب ایک ویئر ہاؤس میں ہوئے جہاں آتش بازی کا سامان رکھا گیا تھا جس کو حادثاتی طور پر آگ لگ گئی۔