پاکستان بمقابلہ انگلینڈ سیریز – کچھ سوالات!
Reading Time: 2 minutesباسط سبحانی ۔ سپورٹس ایڈیٹر
پاکستان انگلینڈ کے درمیان کانٹے دار ٹیسٹ سیریز کا آغاز مانچسٹر میں ہو گیا ہے۔ میچ کے دوران پہلے دو روز مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے جس میں بیٹنگ کرنا آسان نہ ہو گا۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 83 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کو 25 جبکہ پاکستان کو 21 میچز میں فتح حاصل ہوئی ہے جبکہ 37 ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ 2 ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد انگلش ٹیم فارم میں نظر آرہی ہے۔ مگر انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 2011 سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم آن پیپر مضبوط نظر آ رہی ہے۔ برنز اور سبلی کی اوپننگ جوڑی کو جلد پویلین پہنچانا پاکستانی بولرز کے لیے بے حد ضروری ہو گا۔ انگلش کپتان روٹ لمبے عرصے سے بڑے رنز نہیں بنا پائے۔ اسپن کو بھی بہتر کھیلتے ہیں۔ انکا بڑے رنز کرنا پاکستان کے لیے اچھی خبر نہ ہوگی۔ سٹوکس پاکستان کے خلاف ٹرمپ کارڈ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ نوجوان بیٹسمین پاپ اور بٹلر کے لئے یہ اہم سیریز ہے۔ اینڈرسن، براڈ، آرچر، ووکس اور بیس پر مشتمل بولنگ اٹیک پاکستانی بیٹسمین کے لیے بہت بڑا چیلنج ہو گا۔ اس سیریز میں جیت اسی ٹیم کی ہوگی جو بڑے رنز جوڑے گی۔
پاکستان ٹیم کی بات کریں تو کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔
کیا 2019 سے 22 رنز کی ایورج سے صرف 273 رنز بنا سکنے والے کپتان اظہر علی اپنی ٹیم کو لیڈ فرام دی فرنٹ کر پائیں گے؟ کیا اوپنر شان مسعود اینڈرسن کو کھیل پائیں گے؟ کیا عابد علی ایشیائی کنڈیشنز کے بعد انگلش کنڈیشنز میں کامیاب ہو سکیں گے؟ کیا بابر اعظم اپنی ساکھ کی لاج رکھ پائیں گے؟ کیا اسد شفیق سینئر بیٹسمین کا رول نبھا پائیں گے؟ کیا رضوان سرفراز سے اپنے آپ کو بہتر انتخاب دکھا پائیں گے؟ کیا شاداب خان ٹیسٹ کرکٹ میں بطور آل راؤنڈر ایک آپشن ہو سکتے ہیں؟ کیا یاسر شاہ کا جادو ختم ہو چکا ہے؟ کیا عباس، شاہین اور نسیم پاکستان کرکٹ کے ایک نئے دور کا بیڑا اٹھا پائیں گے؟ اور کیا پاکستان مینجمنٹ بہتر ٹیم کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اتر سکتی تھی؟
ان سب سوالات کا جواب جلد ہی ملنے کو ہے۔
آپ باسط سبحانی کا کرکٹ شو "گگلی” انکا یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کر کے دیکھ سکتے ہیں
www.youtube.com/basitsubhani