پاکستان پاکستان24

نیب اب خود مطلوب ادارہ بن چکا ہے: مریم نواز

اگست 11, 2020

نیب اب خود مطلوب ادارہ بن چکا ہے: مریم نواز

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ احتساب کے قومی ادارے نیب کے دفتر کے باہر ان کو جانی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

منگل کو نیب میں پیشی کے دوران ہنگامی آرائی کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس ایسا نہیں کرتی، آج جو کچھ کیا گیا کرنے والوں نے پولیس وردی پہن رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ گھنٹہ نیب دفتر کے باہر کھڑی رہی، اور وہ اندر چھپ کر بیٹھے رہے۔ نوازشریف، شاہد خاقان، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ کو نیب کا کردار بہت پہلے سے پتہ تھا۔ نیب کے ہتھکنڈوں پر سپریم کورٹ نے بھی مہر لگادی ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے بھی رہی سہی کسر پوری کر دی۔

مریم نواز نے کہا کہ ایسی نیب کے سامنے پیش نہ ہونا قانون کی زیادہ پاسداری ہے۔ آج کی دہشتگردی اور انتقام کے بعد نیب خؤد مطلوب ادارہ بن چکا ہے۔ نیب نے جواب دینا ہے کہ پاکستان کی قوم کا پیسہ سیاسی انجینئرنگ کیلئے کیوں استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ”نیب نے سیاسی جوڑ توڑ کرکے کیوں حکومتیں بنوانے میں مدد کی ؟ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سے درخواست کروں گا کہ میر شکیل کو چھوڑ دیں۔ کیا میر شکیل الرحمان کو عمران خان نے گرفتار کیا ہے؟“

قبل ازیں منگل کی صبح احتساب کے قومی ادارے نیب کے سامنے پیشی کے موقع پر پولیس اور ن لیگی کارکنوں میں جھڑپ ہوئی ہے۔

منگل کو پولیس نے ن لیگی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل چلائے۔

مریم نواز نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں پولیس اہلکار پتھراؤ کر رہے ہیں۔

نیب حکام نے ن لیگی رہنما جو واپس بھیج دیا کہ ان حالات میں نہیں سن سکتے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے