احسان اللہ احسان کو استعمال کیا، فائدہ ملا: فوجی ترجمان
پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ انہوں نے احسان اللہ احسان کو استعمال کیا اور اہم معلومات حاصل کیں، احسان اللہ کو فرار کرانے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
جمعرات کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈی جی نے راولپنڈی میں پریس بریفنگ میں بتایا کہ ”پاکستان اور سعودی عرب کے تعلق بہترین ہیں، آرمی چیف کا دورہ سعودی طے شدہ تھا، اس کا وزیر خارجہ کے بیان سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمارے عوام کے دل سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔“
فوج کے ترجمان نے کہا کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں ظلم کا بازار گرم ہے دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ اس سال اب تک انڈیا نے ایک ہزار 927 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ ’انڈیا جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بناتا ہے‘۔
میجر جنرل افتخار بابر نے کہا کہ
’ہماری طرف صحافیوں، یو این مبصرین کے جانے پر کوئی پابندی نہیں جبکہ انڈیا اپنی طرف کسی کو نہیں جانے دیتا‘۔
انڈیا کے رافیل طیارے خریدنے پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ
’پانچ کیا پانچ سو رافیل بھی لے آئے تو ہمیں پرواہ نہیں، ہر لمحہ تیار ہیں‘
انہوں نے کہا کہ
’کراچی سٹاک ایکسچینج پر ناکام حملہ ہو یا دہشت گردوں کے لیے منی لانڈرنگ، ان کے تانے بانے انڈیا سے ملتے ہیں‘۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئی۔
انہوں نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ وہاں پرامن ہو گا تو پاکستان میں امن ہو گا۔
انہوں نے بتایا پاک افغان سرحد پر اقدامات جاری ہیں۔ دو ہزار چھ سو گیارہ کلومیٹر پر باڑ کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ پاک ایران سرحد پرباڑ کا کام جاری ہے۔
کالعدم تحریک طالبان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے ٹیپ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ ڈیتھ سکواڈ کے حوالے سے دعوی بالکل بے بنیاد ہے۔
’احسان اللہ احسان کو ہم نے استعمال کیا، اس کی معلومات بڑی فائدہ مند ثابت ہوئی۔‘
بابر افتخار نے کہا کہ احسان اللہ احسان کے فرار کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
ڈی جی نے کہا بارڈ مینیجمنٹ اور آپریشنز کے ذریعے قبائلی علاقوں میں ان قائم ہوا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ
’اس نے دہشت گردوں کے بیانیے کو شکست دی‘۔

