جمہوری جدوجہد کے میر کاررواں، حاصل بزنجو کا انتقال
نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد سابق وفاقی وزیر سینیٹر میر حاصل بزنجو انتقال کر گئے ہیں۔ وہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے۔
میر حاصل بزنجو کو طبیعت کی خرابی کے باعث کراچی کے آغا خان ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ملک بھر سے سیاست دانوں اور سماجی رہنماؤں نے حاصل بزنجو کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میر حاصل بزنجو کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاصل بزنجو کا انتقال میرے لیے باعثِ صدمہ ہے، پاکستان ایک معتدل مزاج، بھادر اور دوراندیش رہنما سے محروم ہو گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میر حاصل بزنجو ایک عظیم آدمی کے قابلِ فخر فرزند تھے، اپنے والد کی طرح زندگی بھر جدوجہد میں رہے۔ وہ جمہوریت کا وکیل اور بلوچستان کی عوام سے ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف توانا آواز تھے۔ میر حاصل بزنجو اپنی طویل و شاندار جدوجہد کے باعث سیاسی کارکنان کی دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ان کا علاج آغا خان ہسپتال میں چل رہا تھا اور عوام سے میر حاصل خان بزنجو کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی گئی تھی۔

