پاکستان پاکستان24

کابینہ میں بھنگ کاشت کرنے کی منظوری

ستمبر 1, 2020

کابینہ میں بھنگ کاشت کرنے کی منظوری

پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ نے ملک کے تین اضلاع میں بھنگ کاشت کرنے کی منظوری دی ہے۔

منگل کو کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی و سلامتی کی صورتحال پر غور کیا گیا اور بارشوں کے بعد کراچی شہر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں کراچی کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


کابینہ اجلاس میں نوازشریف کو واپس لانے سے متعلق قانونی آپشنز پر بھی مشاورت کی گئی۔ کابینہ نے میڈیکل اور صنعتی استعمال کے لیے تین اضلاع میں بھنگ کی کاشت کی اجازت دے دی، پبلک پرائیویٹ تعمیرات کے عمل اور پیپرا رولز کے تقابل پر بریفنگ موخرکردی گئی۔ کراچی بینکنگ کورٹ 3 کے سیشن جج سعد قریشی کی ڈیپوٹیشن مدت میں توسیع اورپیٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کے لیے ناموں کی منظوری بھی دی گئی۔


کابینہ کو ملک کے بڑے ایئرپورٹس آوٹ سورس کرنے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اسلام آباد کے مارگلہ روڈ پر تجاوزات ت متعلق بریفنگ موخرکردی۔ وفاقی کابینہ میں نیپرا اور سٹیٹ آف انڈسٹری کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے گزشتہ ای سی سی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان جمعہ کو کراچی کے لیے پیکج کا اعلان کریں گے، وفاقی حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے لیے نام تجویز کردیے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کے بارے فیصلہ سندھ حکومت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عاصم باجوہ چند روز میں اپنی پوزیشن کلئیر کریں گے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اب عدالت نے بھی کہہ دیا ہے کہ نوازشریف کو واپس آنا ہوگا ۔ نوازشریف کو قانون کے سامنے پیش ہوکر سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ سی پیک کے ساتھ پاکستان کی خوشحالی منسلک ہے ۔ دشمن نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے۔ سی پیک پاکستان کے قومی مفاد میں اس کی حفاظت کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اجمل وزیر کو ہٹانے اور عاصم باجوہ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ سیب کا موازنہ مالٹے کے ساتھ نہ کیا جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے