پاکستان پاکستان24

جنرل باجوہ صاحب! آپ کو جواب دینا ہوگا: نواز شریف

اکتوبر 16, 2020

جنرل باجوہ صاحب! آپ کو جواب دینا ہوگا: نواز شریف

پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے الیکشن میں دھاندلی کا الزام براہ راست فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پر لگایا اور کہا کہ ان کو جواب دینا ہوگا۔

جلسے سے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ”ہر ادارہ آئین کی حدود میں رہے ، جو جرنیل آئین کو مانتا ہے ہم اس کو سلام کرتے ہیں ، جو جج آئین کو مانتا ہے ، پی سی او کے تحت حلف نہیں اٹھاتا ہم اسے سلام کرتے ہیں۔ ہم آئین کی بالادستی چاہتے ہیں”۔

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اپنے پہلے جلسے کے ساتھ حکومت مخالف تحریک کا آغاز کیا ہے اور اس دوران پولیس اور انتظامیہ نے اپوزیشن رہنماؤں اور کارکنوں کو روکنے کے لیے سڑکوں پر کنٹینرز کھڑے کئے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، جاوید ہاشمی اور خواجہ آصف کے علاوہ بلوچستان کے سابق وزیراعلی عبدالمالک نے خطاب کیا۔

نواز شریف لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے میں شریک رہے۔ مولانا فضل الرحمان، مریم نواز اور بلاول بھٹو سٹیج پر موجود رہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کو حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے ساتھ مشروط اجازت دی گئی ہے لیکن ’قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی‘ کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

جلسے میں مسلم لیگ ن کے علاوہ پیپلز پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

رات بھر مختلف شہروں سے سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی ریلیاں گوجرانوالہ میں واقع اقبال سٹیڈیم کی طرف رواں دواں رہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے