پاکستان

امریکی خاتون سیاح پر جنسی حملہ، ملزم کو معافی کے باوجود جیل

نومبر 4, 2020

امریکی خاتون سیاح پر جنسی حملہ، ملزم کو معافی کے باوجود جیل

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے مشہور سیاحتی علاقے ناران میں امریکی خاتون پر جنسی حملہ کرنے والے ملزم برکت مسیح کو جیل بھیج دیا گیا۔

مانسہرہ سے صحافی نعمان شاہ کے مطابق ملزم کو تحصیل بالاکوٹ میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں مقدمے کی مدعیہ امریکی سیاح پامیلا ڈیی بھی موجود تھیں۔

مدعیہ نے مجسٹریٹ کے سامنے تحریری بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملزم کو اس کے بچوں کی خاطر معاف کر دیا ہے اس لیے رہا کیا جائے۔

مجسٹریٹ نے کہا کہ فوجداری قانون کی دفعہ 376 کے تحت وہ ملزم کو ضمانت دینے کا اختیار نہیں رکھتے اس کے لیے ضلعی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کرنا پڑے گی۔

مدعیہ کے پوچھنے پر ان کو پاکستان کے فوجداری قانون اور عدالتی نظام کے بارے میں بتایا گیا۔ پامیلا ڈیی نے پولیس کو بتایا کہ وہ ملزم کی رہائی تک مانسہرہ میں قیام کریں گی۔

مجسٹریٹ نے کاغان پولیس کو ہدایت کی کہ ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کیا جائے۔

واضح رہے کہ ناران میں امریکی خاتون سیاح پر جنسی حملے کا یہ واقعہ 30 اکتوبر کو پیش آیا تھا جس میں ایک ہوٹل کے ملازم نے ان کے کمرے میں سیلفی بنانے کے بہانے زیادتی کی کوشش کی تھی۔

ملزم کے خلاف مقدمے کی درخواست دو دن بعد دو نومبر کو دی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے