پاکستان پاکستان24

پاکستانی عدالتی تاریخ کے بہادر ترین جج کی وفات پر یومِ سوگ

نومبر 13, 2020

پاکستانی عدالتی تاریخ کے بہادر ترین جج کی وفات پر یومِ سوگ

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے والے خصوصی عدالت کے سربراہ اسلام آباد کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔

چیف جسٹس گلزاراحمد، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججوں نے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے جبکہ پاکستان بار کونسل نے جمعے کو ملک گیر سوگ کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار احمد سیٹھ کورونا وائرس کے باعث اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔صحافی مطیع اللہ جان کےمطابق جسٹس سیٹھ آخری دنوں میں اپنی بیماری کے حوالے سے عدلیہ یا کسی دوسرے ادارے پر اعتبار نہ ہونے کی وجہ سے معلومات خفیہ رکھ رہے تھے۔

جسٹس وقار سیٹھ نے رواں ہفتے سپریم کورٹ میں اپنی تعیناتی/ ترقی کے لیے درخواست دائر کی تھی اور کہا تھا کہ جسٹس فیصل عرب کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والی نشست پر ان کو لایا جائے کیونکہ وہ تمام دیگر ہائیکورٹس کے جج صاحبان سے سینیئر ہیں۔

دوسری جانب پاکستان بار کونسل نے جمعہ کو ملک گیر یوم سوگ کا اعلان کردیا ہے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان ایک جرات مند اور دیانتدار جج سے محروم ہو گیا۔
ان کی خدمات پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،عابد ساقی نے کہا کہ پہلی بار کسی ڈکٹیٹر کو سزا سنانے والے بہادر جج کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے