پاکستان پاکستان24

بلین ٹری منصوبے کا ریکارڈ طلب: ”کروڑوں درخت لگانے کی تحقیقات ہوں گی“

دسمبر 1, 2020

بلین ٹری منصوبے کا ریکارڈ طلب: ”کروڑوں درخت لگانے کی تحقیقات ہوں گی“

پاکستان سپریم کورٹ نے بلین ٹری سونامی منصوبے کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں مجسٹریٹ بجھوا کر 430ملین درخت لگانے کے دعوے کی تحقیقات کرائیں گے۔

رپورٹ: جہانزیب عباسی

تحریک انصاف کے بلین ٹری سونامی پروگرام حقیقت یا افسانہ؟ سپریم کورٹ نے 10ارب درخت لگانے کے منصوبے کے حقائق سے پردہ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے بلین ٹری سونامی کا تمام ریکارڈ طلب کیا ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ منصوبے پر اب تک کتنے فنڈز خرچ کیے گئے؟ درخت کہاں لگائے گئے؟ تمام تفصیلات سیٹیلائٹ تصاویر کے ساتھ پیش کی جائیں۔

سپریم کورٹ کے استفسار پر خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ صوبے میں مجموعی طور پر 73لاکھ درخت لگائے گئے، مزید 39ملین درخت لگانے کا پلان ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ معذرت کے ساتھ کے پی کے محکمہ جنگلات کا سارا عملہ چور ہے۔

وفاق کی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ دو سالوں میں ملک کے مختلف شہروں میں 430ملین درخت لگائے جاچکے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 430ملین درختوں کا لگنا ناقابل فہم لگتا ہے، اگر 430 ملین درخت لگ چکے ہوتے تو پاکستان کی تقدیر بدل جاتی۔

سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ اپنے ملک کی نرسریوں سے تمام درخت منگوائے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عجیب بات ہے اتنے درخت نرسریوں میں کیسے پڑے ہوئے تھے۔

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کرتے ہوئے سیکرٹری پلاننگ، چاروں صوبائی سیکرٹریز جنگلات کو طلب کر لیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے