مقامی ویکسین لگانے والے انڈین وزیر کورونا کا شکار ہو گئے
Reading Time: < 1 minuteانڈیا کی ریاست ہریانہ کے وزیر صحت انیل وِج عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو اس بارے میں خبر دیتے ہوئے انڈین ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ انیل وج نے دو ہفتے قبل مقامی طور پر تیار کی گئی کورونا کی ویکسین کے ٹرائل میں حصہ لیا تھا۔
انیل وج نے ٹویٹ کیا ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے والے افراد اپنا ٹیسٹ کرائیں۔
ہریانہ کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی ویکسین ابھی ٹرائل کے مرحلے میں ہے اور اس کی دو ڈوز دی جاتی ہیں جبکہ وزیر صحت کو ٹرائل کے تیسرے فیز میں صرف ایک ڈوز لگائی گئی تھی جس کے لیے وہ رضاکارانہ طور پر شامل ہوئے تھے۔
I have been tested Corona positive. I am admitted in Civil Hospital Ambala Cantt. All those who have come in close contact to me are advised to get themselves tested for corona.
— ANIL VIJ MINISTER HARYANA (@anilvijminister) December 5, 2020
انیل وج کے مطابق وہ کورونا کے متاثر ہونے کے بعد امبالا کینٹ کے سول ہسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈیا میں لاکھوں افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
دنیا میں کورونا کی اب تک ایک ہی ویکسین سامنے آئی ہے جو فائزر کمپنی نے تیار کی ہے۔ برطانیہ اور بحرین دو ایسے ملک ہیں جنہوں نے کورونا کی پہلی ویکسین کی خریداری اور اپنے شہریوں پر استعمال کی اجازت دی ہے۔