ریاست کے اندر ریاست والوں کو بے نقاب کرنا غداری ہے؟ نواز شریف
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کا قصور یہ ہے چند کرداروں کو بے نقاب کر رہے ہیں جو پردہ کے پیچھے بیٹھ کر کھیل کھیلتے ہیں اور سازشیں کرتے ہیں۔
اتوار کو گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم اور ن لیگ اپنا مقدمہ عوام کے پاس لے گئے ہیں۔ ’کیا آئین شکنوں کو بے نقاب کرنا غداری ہے۔ کیا یہ بغاوت ہے۔ کیا چوروں کے بے نقاب کرنا غداری ہے؟‘
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ کیا آپ کو بھٹکانے والے کرداروں کو سامنے لانا غداری ہے؟ کیا ریاست کے اندر ریاست چلانے والوں کو بے نقاب کرنا غدرای ہے؟‘
نواز شریف کا کہنا تھا ’کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک کو کمزور کر رہا ہے۔ انہی غیر قانونی طاقتوں نے پاکستان میں آزادی اظہار کا گلا گھونٹ رکھا ہے۔ لوگوں کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے۔‘
’ان کو نواز شریف کا راستہ روکنے کی پڑی ہے۔ میری تقریر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ایک منظم پروپیگنڈے کے تحت سچ کو جھوٹ قرار دینے کا کام لیا جا رہا ہے۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج سوشل میڈیا ایک موثر اور آزاد ذریعہ ہے۔

