پاکستان پاکستان24

لاہور میں مریم نواز پر چار مقدمات درج، بٹ کڑاہی والے بھی نامزد

دسمبر 11, 2020

لاہور میں مریم نواز پر چار مقدمات درج، بٹ کڑاہی والے بھی نامزد

لاہور میں ریلی نکالنے پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور سینکڑوں سیاسی کارکنوں پر چار مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

جمعرات کی ریلی پر درج کیے گئے مقدمے میں شہر کے مشہور ریستوران بٹ کڑاہی کے مالک کو بھی نامزد کیا گیا ہے جہاں ن لیگی رہنماؤں نے رات کا کھانا کھایا تھا۔

مقدمات میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور عوامی زندگی میں خلل ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

لاہور کے تھانوں مزنگ، گوالمنڈی اور لاہوری گیٹ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
لاہور کے مزنگ تھانے میں درج کی گئی ایف آئی آر میں مدعی مقامی پٹواری شاہنواز ہیں جن کے مطابق وہ سٹی ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر مزنگ اڈے میں ڈیوٹی پر تھے جب وہاں سے مریم نواز اور ن لیگ کے ڈیڑھ سے دو سو کے لگ بھگ کارکنوں کی ریلی گزری۔

ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم کارکنوں کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شناخت کیا جا سکتا ہے جو پی ڈی ایم سے اظہار یکجہتی کر رہے تھے اور حکومت اور اداروں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
مقدمے میں لکھا گیا ہے کہ ن لیگ کے کارکنوں نے بینرز اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ قائدین ساؤنڈ سسٹم اور لاؤڈ سپیکر کا استعمال کر رہے تھے۔

درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق نعروں سے لوگوں کو اشتعال دلایا جا رہا تھا جبکہ کورونا کی وبا کے پیش نظر اتنے لوگوں کا جمع ہونا اس موذدی مرض کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

مقدمے میں وبائی امراض کو پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بنائے گئے قانون کی خلاف ورزی کی دفعہ لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عوامی زندگی میں خلل ڈالنے اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے