پاکستان پاکستان24

’پاکستان میں ترکی کے طرز پر انقلاب کے لیے حالات تیار ہیں‘

دسمبر 13, 2020

’پاکستان میں ترکی کے طرز پر انقلاب کے لیے حالات تیار ہیں‘

پاکستان میں حکومت مخالف گیارہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے لاہور جلسے میں قائدین نے ایک بار پھر ملک کی فوجی اسٹیبلشمنٹ پر سیاست میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے جمہوریت کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے تقریر میں کہا کہ ”سلیکٹرز کان کھول کر سن لو ، آپ کو عوام کا فیصلہ ماننا ہو گا۔ اب مذاکرات کا وقت گزر چکا ۔ اب لانگ مارچ ہو گا ۔ ہم اسلام آباد آ رہے ہیں۔ رابطے کرنا بندو کرو ، فون کالز کرنا بند کرو، ہم اسلام آباد آ کر آپ کا کٹھ پتلی بھگائیں گے۔ ہم میں کوئی بھی پھوٹ نہیں ڈال سکتا “۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں منعقدہ جلسے سے خطاب میں کہا کہ ملک میں ترکی کے طرز پر فوجی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف انقلاب کے لیے حالات سازگار ہیں اور مریم و بلاول ان سے فائدہ اٹھائیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جس جعلی تبدیلی کی شروعات 2011 میں مینار پاکستان سے ہوئی تھی، لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ‘یاد رکھو، عمران خان، یاد رکھو مسٹر تابعدار، بڑے خوش ہو رہے ہو تابعدار کا نام سن کر۔ لاہوریو، زندہ باد۔’

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے تاریخی جلسے کے بارے میں میڈیا کو فون آ رہے ہیں کہ جلسہ ناکام ہو گیا ہے، سب کو معلوم ہے کہ فون کہاں سے آ رہے ہیں۔

‘لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ لاہوریوں نے مینار پاکستان کے میدان میں جعلی تبدیلی کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔’

جلسے سے اپنے خطاب میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ انگریز کی غلامی سے نکلنے کے بعد فوج کی غلامی میں چلے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی سیاسی رہنما کو قتل کرنے کے بعد اس کے تابوت کو تالا لگایا گیا ہو۔

اختر مینگل نے بلوچستان کے لاپتہ افراد اور اکبر بگٹی کے فوجی آپریشن میں مارے جانے کی بات کرتے ہوئے بلوچ عوام کے حقوق نہ دینے پر اسٹیبلشمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے