کیا چیف جسٹس کا کام بھی عمران خان کرے گا؟
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات جلدی کروائیں یا وقت پر، عمران خان کو گھر جانا ہی ہے. اور یہ بات حکومت کو بھی سمجھ آگئی ہے۔ اگر حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خوف نہیں تو پھر انتخابات جلد کیوں کروا رہے۔
جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہچیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک کے وقت ایجنسیز کی مدد سے سینیٹ ارکان کو دھمکایا، ڈرایا اور توڑا، اس وقت شو آف ہینڈ یاد نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کی تشریح کرسکتی ہے، آئین تبدیل نہیں کرسکتی، ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے، کیا چیف جسٹس کا کام بھی عمران خان کرے گا؟
چیف الیکشن کمشنر کی اتھارٹی کو جعلی وزیراعظم چیلنج نہیں کرسکتا، اگر جعلی وزیراعظم کا حکم مانا تو الیکشن کمشنر متعصب سمجھے جائیں گے۔ ”الیکشن کمیشن کسی حکومت کا نہیں ریاست کا ادارہ ہے، چیف الیکشن کمشنر کسی قسم کا غیر آئینی حکم ماننے سے انکار کردیں۔“
مریم نواز نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا طویل ترین عرصے سے زیر التوا کیس ہے، جعلی حکومت اس کیس میں الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈلوا رہی ہے اور پسند کا فیصلہ چاہتی ہے۔ 500 سیٹوں پر ضمنی الیکشن نہیں کرواسکتے، اگر الیکشن کا اعلان کیا تو کیا اپوزیشن چوڑیاں پہن کر بیٹھ جائے گی۔

