پاکستان

ڈینیئل پرل کے والدین ملزمان کو قید میں رکھنے کے حکومت سندھ کے فیصلے سے خوش

دسمبر 25, 2020

ڈینیئل پرل کے والدین ملزمان کو قید میں رکھنے کے حکومت سندھ کے فیصلے سے خوش

پاکستان میں قتل کیے گئے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اہل خانہ نے سندھ حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جس کے تحت پرل قتل کیس میں بری ملزمان کی رہائی کے فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈینئیل پرل کے والد کا کہنا تھا کہ انہیں حکومت پاکستان کا یہ بیان سن کر خوشی محسوس ہوئی کہ ملزمان کی رہائی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی تاکہ ان کے بیٹے کے ’قاتل‘ جیل میں ہی قید رہیں۔

واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے بری کیے گئے ملزمان کی نظربندی کے احکامات کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل سے منسلک ڈینیئل پرل کو ۱۹ برس قبل کراچی میں قتل کیا گیا تھا۔

ہائی کورٹ نے  ۱۹ برس سے قید عمر شیخ سمیت تمام ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ دیگر ملزمان میں فہد نسیم، سید سلمان ثاقب اور شیخ محمد عادل شامل ہیں۔

عدالت نے نظر بندی ختم کرکے رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان بغیر کسی جرم کے جیل میں قید ہیں، ملزمان کو جب عدالت طلب کرے گی تو پیش ہوں۔

 ڈینئیل پرل کے والد نے ٹویٹ میں کہا کہ انہیں پاکستان سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے کہ ان کے بیٹے کو انصاف فراہم ہوگا اور آزادی صحافت کی اہمیت کو بھی بڑھایا جائے گا۔

عمر شیخ اور دیگر تین ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت کو ایسی کوئی وجوہات نہیں ملیں جن کے تحت ملزمان کو حق آزادی سے محروم رکھا جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے