فواد عالم اور رضوان کی شاندار بلے بازی مگر ٹیم کو شکست
Reading Time: 2 minutesپاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ میں 101 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آخر میں 14 اوورز کا کھیل باقی تھا اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے دو پاکستانی بلے بازوں کو آؤٹ کرنا تھا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا مگر ساتھ دینے والے محمد عباس اور نسیم شاہ چند اوورز ہی کھیل سکے۔
پانچویں روز صرف ساڑھے چار اوورز کا کھیل باقی تھا جب پاکستان کی پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
دوسری اننگز میں فواد عالم کی شاندار سینچری اور محمد رضوان کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 165 رنز ٹیم کو نہ بچا سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فتح کے لیے دیے گئے 373 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے تو اظہر علی اور حارث سہیل نے کچھ دیر مزاحمت کی۔ 37 کے مجموعی سکور پر حارث سہیل جواب دے گئے تو 75 رنز جب سکور بورڈ پر نظر آئے تو اظہر علی بھی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ایک بار پھر اپنی کلاس دکھائی اور فواد عالم کے ساتھ مل کر ٹیم کی اننگز کو سنبھالا دیا۔ دونوں کھلاڑی اس قدر پراعتماد کھیل رہے تھے کہ ایک موقع پر شائقین کو محسوس ہوا کہ پاکستان چوتھی اننگز میں 373 رنز جیسا ہدف بھی حاصل کر لے گا مگر 240 کے مجموعے پر رضوان 60 رنز بنانے کے بعد جمیسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ انہوں ںے کریز پر 285 منٹ گزارے۔
اس کے بعد فواد عالم بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے وانگر کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھمایا۔ اس وقت پاکستان کا سکور 242 تھا۔
فواد عالم نے 102 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے 269 گیندوں کا سامنا کیا اور 396 منٹس کریز پر رہے۔ ان کی اننگز میں 14 چوکے بھی شامل تھے۔
ان کے بعد فہیم اشرف بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ جم سکے اور 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔