پاکستان میں کورونا ویکسین اگلے ہفتے سے ملے گی: حکومت
پاکستان میں حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ہفتے چین اور برطانیہ سے کورونا ویکسینز پہنچ جائیں گی اور شہریوں کو فروری کے پہلے ہفتے میں دستیاب ہوں گی۔
سنیچر کی شام وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا کہ کوویکس کی جانب سے ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین ڈوز فراہم کرنے کا خط موصول ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہو جائے گی اور چھ ملین ویکسین ڈوز مارچ تک جبکہ تمام 17 ملین ڈوز اگلے پانچ ماہ میں ملیں گی۔
اسد عمر کے مطابق کوویکس سے ویکسین کی فراہمی کا معاہدہ آٹھ ماہ قبل کیا تھا۔
Happy to share that in addition to the 500,000 doses of Sinopharm, almost 7 million does of AstraZeneca to be made available in Q1 and given to the public free of cost! Pakistan’s vaccine drive starts next week, beginning with frontline healthcare workers. pic.twitter.com/6nJACx9aL7
— Faisal Sultan (@fslsltn) January 30, 2021
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ چین سے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ لینے کے لیے ایک خصوصی جہاز اتوار کو چین روانہ ہو گا۔
سنیچر کو ہونے والے اس اجلاس میں پورے پاکستان میں ویکسین لگانے کی حکمت عملی اور انتظامی اقدامات اور اس کی پہلی کھیپ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ویکسین کی اسلام آباد میں سٹوریج کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

