پاکستان

اسلام آباد حادثے میں مرنے والے چاروں دوست مانسہرہ میں سپردِ خاک

فروری 2, 2021

اسلام آباد حادثے میں مرنے والے چاروں دوست مانسہرہ میں سپردِ خاک

سید نعمان شاہ، صحافی ۔ مانسہرہ

اسلام آباد میں سابق لیگی ایم این اے کشمالہ طارق کی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے مانسہرہ کے رہائشی چاروں افراد کی میتیں گھر پہنچے پر کہرام بپا رہا، چاروں دوستوں کو نماز جنازہ کے بعد آہ و سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔

منگل کی شام نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔  المناک حادثے پر ہر آنکھ اشکبار والدین دوستوں اور لواحقین نے گاڑی میں موجود کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹے کی گرفتاری اور انصاف کا مطالبہ کیا۔

ضلع مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے 5 دوست گزشتہ رات اینٹی نارکوٹکس فورس میں بھرتی کے لیے ٹیسٹ دینے مانسہرہ سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ رات گے اسلام آباد میں ٹریفک اشارے پر کشمالہ طارق کے شوہر کی تیز رفتار گاڑی نے ان کی کار کو ٹکر مار دی جس سے 4 دوست موقع پر خالق حقیقی سے جا ملے۔

سرکاری نوکری کا خواب دیکھنے والے چار دوست اسلام آباد سے واپس تابوت میں بند ہو کر آئے تو علاقے میں ہر آنکھ اشکبار تھی۔

مرنے والوں میں مانسہرہ کے علاقہ نوگزی کے رہائشی دو دوست فاروق اور عادل کی نماز جنازہ پولیس گراونڈ جبکہ انیس شکیل کی نماز جنازہ سرکٹ ہاوس گراونڈ اور حیدر علی کی نماز جنازہ کوٹکے میں ادا کی گئی۔

اس موقع پر دوستوں نے جنازہ پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لواحقین کا کہنا تھا کہ عمران خان فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیں اور کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹے کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے