پاکستان میں شامل ہونے کے بعد کشمیریوں کو آزاد رہنے کے فیصلے کا حق ہوگا: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے لوگ جب پاکستان کے حق میں فیصلہ دیں گے تو وہ ان کو آزاد رہنے کا فیصلہ کرنے کا حق دیں گے۔
جمعے کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر کوٹلی میں کشمیریوں سے یکجہتی کے دن پر اپنے خطاب میں پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں کشمیر کے لوگوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ انشااللہ جب آپ کو آپ کا حق ملے گا۔ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر۔ جب آپ اپنی قسمت کا فیصلہ کریں گے، آپ کشمیر کے لوگ جب انشااللہ پاکستان کے حق میں فیصلہ کریں گے، اس کے بعد پاکستان کشمیر کے لوگوں کو وہ حق دے گا، ان کو وہ رائٹ دے گا کہ آپ آزاد رہنا چاہتے ہیں یا آپ پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں، یہ آپ کا حق ہو گا۔‘
عمران خان کے الفاظ تھے کہ ’آج یہاں اس وجہ سے آیا ہوں کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو اطمینان دلانا چاہتا ہوں کہ سارا پاکستان آج مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے، مسلم دنیا آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ اگر اسلامی دنیا میں کوئی ملک اگر کسی بھی وجہ سے آپ کو سپورٹ نہیں کر رہا تو میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان ملکوں کے عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو یاد کرانا چاہتا ہوں کہ آپ نے کشمیر کو جو حق دیا گیا تھا، کشمیر کے لوگوں سے وہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔
انھوں نے کہا کہ مشرقی تیمور کو یہ حق دیا گیا تھا، جس کے بعد وہاں ریفرنڈ کرایا گیا اور انھیں آزاد کر دیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے انصاف پسند لوگ کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

