سینیٹ الیکشن: پنجاب میں تحریک انصاف اور ن لیگ میں سخت مقابلہ متوقع
پاکستان میں پارلیمان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے لیے الیکشن میں پنجاب سے کل 22 امیدوار مقابلے میں رہ گئے ہیں۔
پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے 22 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جبکہ دو امیدواروں کے کاغذات الیکشن کمیشن نے مسترد کیے۔
جمعرات کو جانچ پڑتال کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدوار پرویز رشید اور تحریک انصاف کی نیلم ارشاد کے کاغذات مسترد کیے گئے۔
پنجاب سے ن لیگ کے نو، پی ٹی آئی کے نو، پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے ایک، ایک امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جبکہ تین امیدواروں نے اپنے کاغذات نامذدگی واپس لیے۔
پنجاب سے دو امیدوار آزاد حیثیت سے سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ سعود مجید اور محمد خان مدنی نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ کسی پارٹی کا ٹکٹ جمع نہیں کرایا۔
ریٹرننگ افسر نے ق لیگ کے کامل علی آغا اور پیپلز پارٹی کے عظیم الحق منہاس کے کاغذات نامزدگی منظور کیے ہیں۔
پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ، ڈاکٹر زرقا سہروری ، عمر سرفراز چیمہ، بیرسٹر علی ظفر، سیف اللہ خان نیازی ، اعجاز چودھری، ظہیر عباس کھوکر، اعجاز حسین منہاس اور عون عباس بپی کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جبکہ ن لیگ کے زاہد حامد، اعظم نذیر تارڑ، سیف الملوک کھوکھر، عرفان صدیقی، بلیغ الرحمن، سائرہ افضل تارڑ، ساجد میر، افنان اللہ خان اور سعدیہ عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
جنرل نشتستوں پر سخت مقابلے کی توقع ہے جبکہ خواتین اور ٹیکنو کریٹس کی نشستوں پر امیدواروں کے بلامقابلہ منتخب ہونے کے حوالے سے سامنے آنے والے اعداد وشمار کے مطابق چار امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
بلامقابلہ جیتنے والے امیدواروں میں سے دو کا تعلق تحریک انصاف جبکہ دو کا مسلم لیگ ن سے ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کی ڈاکٹر زرقا اور ن لیگ کی سعدیہ عباسی بلا مقابلہ کامیاب ہو گئی ہیں۔
تحریک انصاف کی امیدوار فرحت شہزادی نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔
پنجاب سے سینیٹ کے لیے ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے بیرسٹر علی ظفر اور ن لیگ کے اعظم نذیر تارڑ بلا مقابلہ کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد سے پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اور تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کے کاغذات منظور کیے گئے۔
اسلام آباد سے ایک جنرل نشست پر پانچ جبکہ خواتین کی ایک نشت پر چار امیدوار مدمقابل ہیں۔ یوسف رضا گیلانی اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے لیے انتخابات تین مارچ کو چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہوں گے۔
سینیٹ کے رکن کی مدت چھ سال ہوتی ہے۔

