شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ، چار خواتین قتل
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ایک غیر سرکاری تنظیم میں ملازمت کرنے والی چار خواتین کو دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔
شمالی وزيرستان کی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’یہ چاروں خواتین سباؤن نامی این جی او میں دست کاری کی تربیت دیتی تھیں۔‘
پولیس کے مطابق ’فائرنگ کا واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے۔‘
قتل کی جانے والی خواتین میں ناہید بی بی، ارشاد بی بی، عائشہ بی بی اور جویریہ بی بی شامل ہیں، جبکہ ایک خاتون مریم بی بی حملے میں بچ گئی ہیں۔
بیان کے مطابق ’مريم بی بی ایک گھر میں داخل ہو گئی تھیں جس وجہ سے ان کی جان بچ گئی۔‘
ڈرائیور عبدالخالق دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ’نعشوں کو میر علی کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا گا، جبکہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔“

