احمد آباد ٹیسٹ دو دن میں ختم، بدترین پِچ بنانے پر انڈیا پر تنقید
Reading Time: 2 minutesانڈیا نے احمد آباد میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کو انگلینڈ کے خلاف دو دن میں اپنی جیت کے ساتھ سمیٹ لیا ہے۔
بیٹنگ کے لیے بدترین پِچ تیار کرنے پر انڈیا پر سابق انگلش کھلاڑیوں نے تنقید کی ہے۔
تیسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ انڈیا نے 10 وکٹوں سے جیتا جو انتہائی کم سکورنگ تھا۔
انگلینڈ نے انڈیا کو فتح کے لیے 49 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جو میزبان ٹیم نے آٹھویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔ روہت شرما 25 اور شھبمن گل 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈین بولرز نے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو دوسری اننگز میں 81 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
انگلینڈ کے اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے اور زیک کرالی، اگزر پٹیل کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اگزر پٹیل نے اپنی تیسری گیند پر جونی بیرسٹو کو بھی بولڈ کر دیا۔
اس کے بعد ڈوم سبلی بھی اگزر پٹیل کا نشانہ بنا۔ جو روٹ اور بین اسٹوکس نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن بین اسٹوکس 25 رنز بنا کر روی چندرن اشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان جو روٹ تھے۔ انہیں بھی اگزر پٹیل نے آؤٹ کیا۔
اولی پوپ بھی 12 رنز ہی بنا پائے اور روی چندرن اشون کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد جوفرا آرچر بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ بین فوکس کو اگزر پٹیل نے ایل بی ڈبلیو کر کے اننگز میں اپنی پانچویں اور میچ کی 11ویں وکٹ حاصل کی۔
فوکس کے بعد جیک لیچ نو رنز بنا کر روی چندرن اشون اور جیمز اینڈرسن صفر پر واشنگٹن سندر کا نشانہ بنیں۔
انگلینڈ کے چار کھلاڑی دوسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ انڈیا کی طرف سے اگزر پٹیل نے پانچ اور روی چندرن اشون نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ روی چندرن اشون نے اپنی چار سو ٹیسٹ وکٹیں بھی پوری کر لی ہیں۔
اس سے قبل انڈیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انڈیا کی طرف سے روہت شرما نے 66 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی طرف سے جو روٹ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
جبکہ انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 112 سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
انڈیا کے بولرز کی شاندار کارکردگی کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
سچن ٹنڈولکر نے روی چندرن اشون کو ان کی چار سو وکٹوں پر مبارک باد دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’لاجواب متسقل مزاجی! بہت اعلیٰ، لگے رہو اشون۔ آپ کی بولنگ دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘