پاکستان24 متفرق خبریں

ن لیگ اور جمعیت نے گروپ بنا لیا، گیلانی کو ماننے سے انکار

مارچ 31, 2021 2 min

ن لیگ اور جمعیت نے گروپ بنا لیا، گیلانی کو ماننے سے انکار

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد میں اس وقت مزید دراڑیں پیدا ہوئیں جب مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں نے ملاقات میں سینیٹ میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر ماننے سے انکار کیا۔

بدھ کو ن لیگ اور پی ڈی ایم کے 27 رکنی اپوزیشن گروپ نے سینیٹ میں اپنا کردار ادا کرنے اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ لیڈر بنانے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ حکومتی بینچز اور باپ پارٹی کے تعاون سے آنے والے کسی بھی اپوزیشن لیڈر کو نہیں مانیں گے۔

اسلام آباد میں اجلاس میں کہا گیا ہےکہ حکومت کے ذریعے آنے والا اپوزیشن لیڈر پی ڈی ایم کے مقاصد کی نفی ہے،ن لیگ سمیت پی ڈی ایم کی آٹھ جماعتیں کا سینٹ میں اپنا گروپ ہو گا۔

لیگی رہنما احسن اقبال نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں پر مشتمل سینٹ میں اپنا الگ گروپ ہو گا جو بطور اپوزیشن ایوان بالا میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے ایک بیان میں کہا کہ اگر ن لیگ اور جے یو آئی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے کا فیصلہ کریں گی تو ہم بھی قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے پر مجبور ہو جائیں گے۔

نوید قمر نے کہا کہ اپوزیشن تمام اہم فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مکمل اتفاق رائے سے ہونے چاہئیں۔ اگر ن لیگ اور جے یو آئی نے تمام فیصلے خود کرنے ہیں تو اپوزیشن اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور جے یو آئی نے لانگ مارچ سے استعفوں کو نتھی کرکے پہلے ہی پی ڈی ایم کو بڑا دھچکہ پہنچا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متفقہ فیصلوں کی خواہاں ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے