آخری ون ڈے میں افریقہ کو شکست، سیریز پاکستان کے نام
Reading Time: 2 minutesپاکستان نے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ کو 28رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے 2013-14 کے بعد پہلی بار جنوبی افریقہ کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتی ہے۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 321رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پروٹیز کی پوری ٹیم 292 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کے پہلے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی ایڈن مارکرم تھے وہ 18 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے جانے من ملان کے ساتھ 54 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
اس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے جے جے سمٹس بھی کچھ خاص کارکردگی نی دکھا نہ سکے اور 17 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چوتھے نمبر آنے والے پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے جانے من مالن کے ساتھ سکور کو آگے بڑھایا اور دونوں کے درمیان 50 رنز کی شراکت داری بنی لیکن محمد نواز نے 24 ویں اوور کی دوسری گیند پر پہلے مالن اور پانچویں گیند پر باووما کو آؤٹ کر دیا۔
محمد نواز کی جانب سے شاندار بولنگ کا سلسلہ جاری رہا، انہوں نے ہینرچ کلاسن کو چار سکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
اس کے بعد کائیل ویرائین اور اینڈیل فیلکووائیو نے ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 108 رنز کی شراکت داری ہوئی، جس کے بعد ویرائین 62 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے۔ اس کے بعد حسن علی نے فیلکووایو کو بھی آؤٹ کر دیا۔ انہوں نے 54 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بیئورن ہینڈرکس تھے، انہیں حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔ آخری دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی کے نام رہیں، انہوں نے کیشو مہاراج اور ڈیرن ڈوپاولن کو بولڈ کیا۔
پاکستان کے محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ دو وکٹیں حارث رؤف نے حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ بابر اعظم آخری گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 94 رنز سکور کیے۔
حسن علی 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 112 اور دوسری 206 پر گری جس کے بعد کپتان بابر اعظم نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ اس دوران محمد رضوان دو رنز، سرفراز احمد 13، فہیم اشرف ایک اور محمد نواز چار رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
پہلے کھلاڑی امام الحق 57 رنز بنا کر کشیو مہاراج کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان سینچری بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔