پاکستان پاکستان24

چینی بحران تحقیقات میں پیشرفت، ترین اور اہلخانہ کے اکاؤنٹس منجمد

اپریل 9, 2021

چینی بحران تحقیقات میں پیشرفت، ترین اور اہلخانہ کے اکاؤنٹس منجمد

پاکستان میں برسر اقتدار جماعت تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے منی لانڈرنگ کے الزامات میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حکام نے تفتیش کی ہے۔

حکام کے مطابق جہانگیر ترین جمعے کو ایف آئی اے کے دفتر میں پیش ہوئے اور دو گھنٹے تک تفتیشی افسروں کے سوالوں کے جواب دیتے رہے۔

اس سے قبل ان کے صاحبزادے علی ترین بھی ایف آئی اے میں پیش ہوئے۔

ایف آئی اے کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شوگر ملز کے اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے مقدمے میں کافی پیش رفت ہوئی ہے اور تفتیش مکمل ہونے تک جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین اور اہلیہ کے بینک اکاونٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔

اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے ایف آئی اے نے سٹیٹ بینک اور متعلقہ حکام سے درخواست کی تھی جس پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ’علی ترین کے 21، جہانگیر ترین کے 14 اور ان کی اہلیہ کا ایک اکاؤنٹ منجمد کیا گیا۔’

حکام کا کہنا ہے کہ نو بینکوں کے کھاتے منجمد ہونے کے بعد اب تحقیقات مکمل ہونے تک ان اکاؤنٹس کو استعمال نہیں کیا جاسکتا۔‘

یاد رہے کہ 22 مارچ کو جہانگیر ترین اور ان کی خاندان کے دیگر افراد کے خلاف ایف آئی اے نے دو مقدمات درج کیے تھے جن میں الزام لگایا تھا کہ ترین فیملی نے پبلک لمیٹڈ کمپنی جے ڈی ڈبلیو سے اربوں روپے اپنے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کیے جو کہ غیر قانونی تھا۔ ایک مقدمہ منی لانڈرنگ جبکہ دوسرا بینکنگ فراڈ سے متعلق ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ’بند کیے جانے والے 36 اکاؤنٹس میں سے چار اکاؤنٹس امریکی ڈالرز جبکہ دو برطانوی پاؤنڈز اور تین پاکستانی کرنسی کے اکاؤنٹس تھے۔

جہانگیر ترین نے دو روز قبل عدالت سے اپنی عبوری ضمانت کروانے کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ ’ان کے اکاؤنٹس بند کیے جا رہے ہیں۔‘

تحریک انصاف کی وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے جہانگیر ترین نے جوڑ توڑ کی تھی جبکہ وہ خود سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت عوامی عہدے کے نااہل ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے