حمید گُل کے بیٹے عبداللہ پر دہشت گردی کا مقدمہ درج
راولپنڈی پولیس نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے بیٹے پر دہشتگردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔
عبداللہ گل کے خلاف ایف آئی آر تھانہ ایئرپورٹ راولپنڈی میں انچارج چوکی گلریز سب انسپکٹر محمد عمر کی مدعیت میں درج کی گئی۔
مقدمے کے مطابق عبداللہ گل نے تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کی مذمت اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عبداللہ گل نے سعد رضوی کی رہائی نہ ہونے پر انارکی پیدا کرنے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر کے مطابق عبداللہ گل نے اپنے بیان کے ذریعے ریاست کو دھمکی دی،امن وامان خراب کرکے خوف وہراس پیدا کیا، ریاستی رٹ کو چیلنج کیا اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کی روش کو تقویت دی۔

