فرانسیسی سفیر کی ملک بدری پر بحث کی جائے، قومی اسمبلی میں قرارداد
پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے لیے قرارداد پیش کر دی گئی ہے۔
منگل کو قومی اسمبلی میں حکومتی رکن امجد علی خان کی جانب سے ذاتی حیثیت میں پرائیویٹ ممبر بل کے طور پر قرارداد پیش کی گئی ہے۔
قرارداد کے مطابق فرانسیسی صدر کی جانب سے اظہار رائے کی آزادی کے نام پر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے عناصر کی حوصلہ افزائی انہتائی افسوسناک ہے، لہذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ:
فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے کے مسئلے پر بحث کی جائے۔
تمام یورپی ممالک کو بالعموم اور فرانس کو بالخصوص اس معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا جائے۔
تمام مسلک ممالک سے معاملے پر سیر حاصل بات کی جائے اور اس مسئلے کو اجتماعی طور پر بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے۔
مذہبی امور کے وزیر نور الحق قادری نے کہا کہ محمد رسول اللہ سے جو تعلق عمران خان کا ہے نہ کسی مولوی اور نہ کسی پیر کا ہے۔ اس بات کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قرارداد پر غور کے لیے موقع دیا جائے۔

