لبیک پنجاب کی تیسری بڑی سیاسی قوت، کالعدم کرنے پر نظرثانی ہوگی: شیخ رشید
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ تحریک لبیک کالعدم قرا ر دیے جانے کے خلاف 30 دن میں اپیل کرسکتی ہے۔ حالیہ دنوں میں سولہ ایم پی او کے تحت گرفتار 650 سے زائد افراد کو رہا کیا جا چکا ہے جب کہ سعد رضوی پرمقدمے سمیت 210 ایف آئی آر قانونی عمل سے گزریں گی۔
شیخ رشید کے مطابق نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے برطانوی ہائی کمشنر کو کہا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان فساد کی خواہش رکھتے تھے لیکن وہ پوری نہیں ہو سکی ۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک لبیک پنجاب کی تیسری بڑی سیاسی قوت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ برطانیہ سے نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنےکا مطالبہ کیا ہے، برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آپ حوالگی کے لیے درخواست دیں لیکن کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔
قومی اسمبلی کے واقعے پر انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان کے رویے سے لگتا نہیں وہ وزیراعظم رہے ہیں، ان کی سیاسی زندگی میں یہ بدترین زبان تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان موجودہ کشیدگی کو لے کر فساد کو بڑھانے کے خواہشمند تھے لیکن وہ ناکام ہوئے ۔سراج الحق نے رابطے کے دوران اچھی رائے دی ہے ان کا شکر گزار ہوں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک دشمن کا ایجنڈا تھا کہ فسادات بڑھیں بھارت سے بھی ان واقعات کا سہارا لے کر فسادات کو بڑھانے کی کوشش کی لیکن ہم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں اور انتشار کو روکنے کے لیے معاملات بات چیت سے حل کیے ہیں۔

