توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیے گئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
جمعے کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج سید اصغر علی نے نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے۔
عدالت نے جن جائیدادوں پر اعتراض نہیں آیا ان کو فروخت کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے نواز شریف کی جس جس علاقہ میں جائیداد ہے، صوبائی حکومتوں کو نیلام کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور شیخوپورہ ساٹھ دن کے اندر رپورٹ پیش کریں۔ جائیدادیں نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔
حکم نامے میں نوازشریف کی گاڑیاں بھی تیس دن کےاندر نیلام کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے زیر استعمال گاڑیاں بھی پولیس کی مدد سے قبضے میں لے کر فروخت کی جائیں۔
اس کے علاوہ عدالت نے اپنے حکم نامے میں نواز شریف کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم سرکاری خزانے میں منتقل کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

