جںرل باجوہ کی سعودی فوج کے سربراہ سے ملاقات
پاکستان کی فوج کے سربراہ نے ریاض میں سعودی فوج کے سربراہ جنرل فیاض بن حمد الرویلی سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ فوجی تعاون زیربحث آیا.
بدھ کو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ‘ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، افغان امن عمل سمیت علاقائی سکیورٹی کی صورتحال، دفاع و سکیورٹی اور ملٹری ٹو ملٹری تعاون پر بات چیت کی گئی۔’
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف نے دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ‘پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون سے خطے میں امن اور استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔’
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی چیف آف جنرل سٹاف نے جنرل باجوہ کو یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کو سعودی عرب کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔

