انکل سرگم کے خالق معروف کارٹونسٹ فاروق قیصر نہ رہے
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں ایک دہائی تک پی ٹی وی پر اپنے کردار انکل سرگم کے ذریعے لوگوں کو مزاح میں تعلیم و آگہی دینے والے معروف لکھاری و کارٹونسٹ فاروق قیصر اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔
سوشل میڈیا صارفین ان کے مزاحیہ کرداروں سے وابستہ اپنی یادیں شیئر کرتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں.
فاروق قیصر کا جنم 31 اکتوبر 1945 کو سیالکوٹ میں ہوا۔ والد کی سرکاری نوکری کی وجہ سے وہ پاکستان کے مختلف شہروں میں گھومتے رہے اور ان کا تعلیمی سفر بھی مختلف شہروں میں تکمیل تک پہنچا .
انہوں نے میٹرک پشاور سے، ایف اے کوئٹہ سے اور گریجویشن نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے کیا۔ جبکہ فائن آرٹس میں ماسٹرز انہوں نے رومانیہ سے کیا۔
سنہ 1999ء میں کیلیفورنیا امریکا سے ماس کمیونیکیشن میں بھی ماسٹرز کیا۔
فاروق قیصر نے ستر کی دہائی کے اوائل میں نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے گریجویشن کے بعد فنی زندگی کا آغاز کیا. اپنی پوری تخلیقی زندگی میں وہ فنکار، صحافی، کالم نگار، مزاح نگار، ٹی وی شو کے ہدایت کار، پتلی باز، اسکرپٹ رائٹر اور وائس ارٹسٹ اور کارٹونسٹ کے طور پر کام کرتے رہے۔ لیکن ان کی بنیادی وجہ شہرت ان کا تراشا ہوا کردار (پتلا) انکل سرگم ہے.
انکل سرگم کا کردار پہلی بار 1976ء میں پی ٹی وی پر بچوں کے مقبول پروگرام کلیاں میں ادا کیا گیا۔