پاکستان24 عالمی خبریں

سعودی عرب سے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے: ایران

مئی 31, 2021 2 min

سعودی عرب سے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے: ایران

Reading Time: 2 minutes

ایران نے کہا ہے کہ علاقائی حریف سعودی عرب سے مذاکارات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئے۔
پیر کو ایران کے دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب سے مذاکرات اچھے ماحول میں ہو رہے ہیں اور امید ہے کہ مشترکہ سمجھوتے پر پہنچ سکیں گے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ 10 مئی کو ایران کی حکومت نے عوامی سطح پر پہلی بار تسلیم کیا تھا کہ اس نے سعودی عرب کے ساتھ سفارتی سطح پر بات چیت کا آغاز کیا ہے۔

گذشتہ 40 برسوں کے دوران دونوں ممالک نے خطے میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے کی کوشش کی ہے اور بعض لوگ اسے سنی اور شیعہ اسلام کے تاریخی تنازع سے بھی جوڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ یمن، لبنان اور شام میں دونوں ملک اپنے اپنے حریف گروہوں کی حمایت کرتے ہیں لیکن اب ایران اور سعودی عرب نے بیٹھ کر بات چیت کے آغاز سے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ یہ مذاکرات جنوری سے جاری ہیں لیکن ماضی میں بھی اس حوالے سے کوششیں کی گئی ہیں۔

ان مذاکرات کی پہلی نشانی اخبار فنانشل ٹائمز میں ملی جب اپریل کے وسط میں ایک خبر میں یہ سامنے آیا کہ دونوں ملکوں کے اہلکار بغداد میں ملے ہیں اور اس ملاقات میں تعلقات میں بحالی پر بات چیت ہوئی ہے۔ حالانکہ شروع میں سعودی عرب نے اس خبر کی تردید کی تھی مگر کچھ ہفتوں بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ ’ایران سے اچھے تعلقات‘ کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کے الفاظ نے کئی حلقوں کو حیران کیا کیونکہ انھوں نے تین سال قبل کہا تھا کہ ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کو ’دیکھ کر ہٹلر بھی اچھا آدمی معلوم ہوتا ہے۔‘

سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کافی عرصے تک تنازعات کا شکار رہے ہیں۔ بعض ماہرین اسے ’مشرق وسطیٰ کی سرد جنگ‘ سے تشبیہ دیتے ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے