علاقائی امن دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے: جنرل باجوہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیر پا امن و استحکام دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے، عالمی برادری کے بامعنی تعاون اور سنجیدہ عزم سے پیچیدہ چیلنجنز سے نمٹا جاسکتا ہے، کورونا وبا سمیت ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور کوششیں کریں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسروں اور فکیلٹی ارکان سے خطاب کیا، آرمی چیف نے سٹاف کورس کے شرکا سے خطاب میں پیشہ ورانہ امور، داخلی و خارجہ سکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا، آرمی چیف نے علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا۔
اپنے خطاب میں آرمی چیف نے دہشت گردی کی لعنت سے بطور قوم نبرد آزما ہونے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیر پا امن و استحکام کا دار و مدار دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے، عالمی برادری کے بامعنی تعاون اور سنجیدہ عزم سے پیچیدہ چیلنجنز اور مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ کوشاں ہے اور پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہر کوشش کریں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جامع مربوط قومی کوششوں سے پاکستان میں ترقی و استحکام ممکن ہوگا۔
قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی اور کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میجر جنرل عامر احسن نواز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔