قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس: حکومت، اپوزیشن اور فوجی قیادت ایک ساتھ
Reading Time: < 1 minuteافغانستان سے امریکی انخلا کے بعد کی صورتحال پر پاکستان کی سیاسی قیادت اہم فیصلوں کے لیے سر جوڑ کر بیٹھ رہی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بلایا ہے جس میں اعلی عسکری و سول حکام افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ دیں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس بجٹ منظوری کے فوری بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو رہا ہے۔
عسکری و سول حکام افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ دے رہے ہیں جبکہ پاک بھارت تعلقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال امریکہ کی جانب سے فضائی اڈے دینے کے مطالبے پر بھی غور ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام پارلیمانی لیڈرز کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری خصوصی دعوت پر شرکت کر رہے ہیں۔
وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چوہدری، شوکت ترین، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان و دیگر بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس میں سیاسی قیادت قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کے بعد فیصلے کرے گی۔
متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور مشیر قومی سلامتی میعد یوسف بھی شرکا کو بریفنگ دیں گے۔