ہم جنس پرستی کے فروغ کی شکایت، ہائیکورٹ کا ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس
پاکستان کے صوبہ سندھ کی ہائی کورٹ نے ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پی ٹی اے کو ایپلیکیشن کی بحالی کا حکم دیا ہے۔
جمعے کو سندھ ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ پی ٹی اے کی متفرق درخواست پر واپس لیا اور پی ٹی اے کو ’ہم جنس پرستی‘ کی شکایات سے متعلق درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم دیا .
وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کے فیصلے پر عدالت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا.
یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے گذشتہ ماہ پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کا حکم دیا تھا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے پی ٹی اے نے 30 جون کو ٹک ٹاک کو ملک بھر میں بند کر دیا تھا۔
سندھ ہائی کورٹ نے سول دعوے میں حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ٹک ٹاک پر پابندی لگائی تھی۔
اس فیصلے کے خلاف پی ٹی اے نے عدالت سے حکم امتناع واپس لینے کے لیے جمعے کو ہی درخواست دائر کی تھی۔