میرعلی میں بچوں کی اموات، پاکستان کی فوج نے بیان جاری کر دیا
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 19 مئی کو پیش آنے والے واقعے میں بچوں کی اموات کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 مئی کو میر علی میں افسوسناک واقعے میں سویلین کا جانی نقصان ہوا، میر علی میں بزدلانہ کارروائی کے پیچھے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والا فتنہ الخوارج ملوث ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، الزامات کے جواب میں فوری طور پر واقعے کی جامع تحقیقات کا آغاز کیا گیا تاہم یہ تمام الزامات سراسر بے بنیاد اور ایک منظم گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ واضح ہے کہ یہ عناصر اپنے بھارتی آقاؤں کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں، فتنتہ الخوارج سویلین علاقوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمزور آبادیوں کو استعمال کرکے یہ اپنے مذموم دہشت گردانہ عزائم کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں، ان کا مقصد مقامی آبادی اور سکیورٹی فورسز کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے جو ناکام رہے گا، اس انسانیت سوز واقعے میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے گاؤں ہرمز میں مبینہ ڈرون حملے کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاجی دھرنا جاری ہے۔
دھرنے کے باعث ہرمز کی قریب سڑک پر ٹریفک معطل ہے۔
گزشتہ دنوں میرعلی میں ہونے والے حملے میں بچوں سمیت چار اموات ہوئی تھیں جبکہ چار زخمی ہیں۔