چرس کا سگریٹ مانگنے پر پی ٹی اے کے چیئرمین کی ایمل ولی سے معافی
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ایمل ولی سے کہا کہ اُن کو بھی چرس کا ایک سگریٹ فراہم کیا جائے۔
بدھ کی سہ پہر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں پی ٹی اے کے چیئرمین کے اس جُملے پر سینیٹر ایمل ولی سخت غُصے میں آ گئے۔
انہوں نے چیئرمین پی ٹی اے سے کہا کہ اُن کی یہ جرات کیسے ہوئی کہ عوامی نمائندے سے ایسے بات کریں۔
ایمل ولی نے کہا کہ آپ کو تکلیف کیا ہے؟ ایک سرکاری ملازم مجھے کیسے کہہ سکتا ہے کہ تم چرس پی کر آئے ہو۔ ایک سرکاری افسر کا یہ انداز بالکل قابل قبول نہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے اس دوران بار بار کہتے رہے کہ اُن سے غلطی ہو گئی ہے اور وہ معافی چاہتے ہیں۔
سینیٹر ایمل ولی نے اس پر کہا کہ اتنی بڑی داڑھی کے ساتھ غلطی کرتے ہو، آپ کو یہ جرات کس نے دی کہ ایسے بات کریں۔
سینیٹر ایمل ولی کے مسلسل بولنے پر پی ٹی اے کے چیئرمین جنرل (ر) حفیظ الرحمان یہ کہتے ہوئے اجلاس چھوڑ گئے کہ مجھ سے غلطی ہوگئیُ ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے سے سینیٹر ایمل ولی نے کہا کہن اگر آپ چرس اور شراب پیتے ہیں تو ایسی باتیں کیا کریں۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سے پی ٹی اے کے چیئرمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا شاہزیب درانی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے سینیٹر ایمل ولی کی ہی نہیں قائمہ کمیٹی کی توہین کی ہے۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی اے کی بدتمیزی کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف ایکشن لیں۔
قائمہ کمیٹی نے سیکریٹری وزارت آئی ٹی کو بھی معاملے نوٹس لینے کی ہدایت کی۔