لاہور دھماکے میں انڈیا بطور ریاست ملوث ہے: پاکستان
Reading Time: 2 minutesپاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے لاہور بم دھماکے میں انڈیا کو بطور ریاست ملوث قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے کا ماسٹر مائنڈ انڈین شہری اور تعلق خفیہ ایجنسی را سے ہے جبکہ وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انڈین حکومت پاکستان میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کی حمایت کررہی ہے ۔ دہشتگردی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر آئی جی پنجاب اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔
اتوار کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر فواد چوہدری،مشیر قومی سلامتی معید یوسف اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے مشترکہ نیوزکانفرنس میں جوہر ٹائون لاہور میں کیے گئے دھماکے میں انڈین ایجنسی را کو ملوث قرار دیتے ہوئے شواہد پیش کیے.
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی میں ملوث پاکستان میں موجود تمام ملزمان گرفتار کرلیے گئے ، انڈیا میں موجود ماسٹر مائنڈ سمیت تمام ملزمان کو کٹہرے میں لانے کے لیے تمام سیاسی اور قانونی آپشن اختیار کریں گے.
مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے بتایا کہ لاہور میں دہشتگردی کے واقعہ کو بھارت نے سپانسر کیا اور بھارت اس میں بطور ریاست ملوث ہے ۔ دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث مرکزی ماسٹر مائنڈ کا تعلق بھارت اور را سے ہے.
مشیرقومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس صورتحال پر خاموش نہیں رہے گا حکومت اس کیس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام لیگل آپشن اختیار کرے گی۔ وزیراعظم نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ دہشتگردی کے اس انٹرنیشل نیٹ ورک میں شامل لوگوں کی گرفتاری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت پاکستان میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کی مکمل حمایت کررہی ہے۔ بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں۔
آئی کی پنجاب انعام غنی نے بتایا کہ انٹیلی جنس اداروں ، سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس نے مربوط کوششوں سے لاہور دھماکہ میں ملوث پاکستان میں موجود تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔دہشتگردی کو بیرون ملک سے فنانس کیا گیا ۔ ابھی تمام تفصیلات جاری نہیں کی جا سکتی ۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام انٹیلی جنس ایجنسیز مل کر کام کررہی ہیں اور دہشتگردی کے واقعات کو روکنے کے لیے ریئل ٹائم انٹیلی جنس شیئرنگ کی جارہی ہے۔