اہم خبریں پاکستان24 عالمی خبریں

طالبان کا قندوز اور سرِپُل صوبوں پر قبضہ، امریکہ کی مذمت

اگست 8, 2021

طالبان کا قندوز اور سرِپُل صوبوں پر قبضہ، امریکہ کی مذمت

افغان طالبان نے اتوار کو شدید لڑائی کے بعد مزید دو صوبائی دارالحکومتوں قندوز اور سرِپُل پر قبضہ کر لیا ہے جس کی بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور مقامی رہائشیوں نے تصدیق کی ہے۔

امریکہ نے افغانستان کے مختلف شہروں میں طالبان کی جانب سے نئی کارروائیوں اور ’غیر قانونی قبضے‘ کی مذمت کی ہے۔

کابل میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’طالبان کے زبردستی حکمرانی مسلط کرنے کے یہ اقدامات ناقابل قبول ہیں اور یہ اس دعوے کی بھی نفی کرتے ہیں کہ طالبان مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔‘

اے ایف پی کے مطابق شدت پسندوں نے جمعے سے اب تک چار صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کیا ہے جس سے حکومتی فورسز پسپا ہوتی نظر آ رہی ہیں۔

قندوز کے ایک رہائشی نے شہر کا احوال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ’مکمل طور پر افراتفری‘ ہے۔​

طالبان نے ایک بیان میں شہروں پر قبضے کے حوالے سے کہا ہے کہ ’شدید لڑائی کے بعد مجاہدین نے اللہ کے فضل سے قندوز پر قبضہ کر لیا ہے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مجاہدین نے سرِپُل شہر اور وہاں موجود حکومتی عمارتوں اور تمام تنصیبات پر قبضہ کر لیا ہے۔‘

سرِپُل میں خواتین کے حقوق کی سماجی کارکن پروینہ عظیمی نے اے ایف پی کو فون پر بتایا کہ حکومتی عہدیدار اور بقیہ فوجی اہلکار شہر سے تین کلومیٹر پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ ایک طیارہ آیا مگر وہ لینڈ نہیں کر سکا۔‘

دوسری جانب افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سرکاری فورسز اہم تنصیبات کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے لڑ رہی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے