پنجشیر کا مسئلہ معمولی، افغان شہریوں کو ایئرپورٹ جانے کی اجازت نہیں: طالبان
Reading Time: < 1 minuteافغانستان میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ پر افراتفری کی صورتحال کے باعث اب افغان شہریوں کو کابل ایئرپورٹ پر جانے کی اجازت نہیں دے رہے۔
منگل کو کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر موجود ہجوم کو واپس اپنے گھروں کو جانا چاہیے، ان کی حفاظت کی ضمانت دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ لوگوں کو پروازوں پر آنے کی دعوت دیتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے امریکیوں کو کہا ہے کہ افغان شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ترغیب نہ دیں، ہمیں ان کے ہنر کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ہسپتال، سکول، یونیورسٹیاں، میڈیا کے ادارے اور مقامی حکومتیں کام کر رہی ہیں۔
طالبان کے ترجمان نے کہا کہ ’پنجشیر کا مسئلہ‘ ایک معمولی مسئلہ ہے اور اسے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان سمجھتے ہیں کہ جنگ ختم ہو چکی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’اسی فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل کر لیا جائے گا۔‘