سرکاری ٹی وی نے وزیراعظم کو سنایا جانے والا شعر کیوں مکمل نہ ہونے دیا؟
Reading Time: 2 minutesتاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں جاری بزنس فورم میں سٹیج پر بیٹھے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو تاجروں اور سرمایہ کاروں سے خطاب کے بعد سوال و جواب کا بھی موقع دیا گیا۔
اس دوران شرکا میں موجود ایک بزنس مین نے عمران خان کو شعر سنایا جس کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی نے میوٹ کر دیا۔
آواز بند کیے جانے سے پہلے اور بعد کی گفتگو اور مکمل اشعار یہاں پیش کیے جا رہے ہیں۔
بزنس مین نے کہا کہ : عمران بھائی، آپ کے لیے شعر ہے، اتنے ظالم نہ بنو۔ عمران بھائی، آپ کے لیے۔
اب تو آپ ایک قیدی ہو گئے ہو، جب کنٹینر پر تھے تو زبردست تھے۔ اب تو پتا نہیں کن کے چکروں میں آپ آ گئے ہیں۔
تو شاعر کہتا ہے کہ اتنے ظالم نہ بنو، کچھ تو مروت سیکھو۔
اس موقع پر سرکاری ٹی وی نے شعر سنانے والے کی آواز بند کر دی۔
اس کے بعد عمران خان نے جب جواب دینا شروع کیا تو آواز کھول دی گئی۔
عمران خان کو سنایا جانے والا شعر پی ٹی وی نے مکمل نہ ہونے دیا۔#Tajikistan #Pakistan #ImranKhan pic.twitter.com/sAKoyr6X81
— Pakistan24 (@Pakistan24Tv) September 16, 2021
عمران خان نے کہا کہ بزنس کی باتیں کریں، شعر و شاعری بعد میں کسی موقع پر ہوگی۔
یہ اشعار ادریس آزاد کے ہیں:
اتنے ظالم نہ بنو کچھ تو مروت سیکھو
تم پہ مرتے ہیں تو کیا مار ہی ڈالو گے ہمیں
تم نہیں آئے نہیں آئے مگر سوچا تھا
ہم اگر روٹھ بھی جائیں تو منا لو گے ہمیں
ہم تِرے سامنے آئیں گے نگینہ بن کر
پہلے یہ وعدہ کرو پھر سےچرا لو گے ہمیں
تم بھی تھے بزم میں یہ سوچ کے ہم نے پی لی
ہم اگر مست ہوئے بھی تو سنبھالو گے ہمیں
قابلِ رحم بنے پھرتے ہیں اس آس پہ ہم
اپنے سینے سے کسی روز لگا لو گے ہمیں
ہم بڑی قیمتی مٹی سے بنائے گئے ہیں
خود کو ہم بیچنا چاہیں گے تو کیا لو گے ہمیں
ہم بھی کچھ اپنی تمنائیں سنائیں گے تمہیں
جب تم اپنی یہ تمنائیں سنا لو گے ہمیں
ہم نہ بھولیں گے تمہیں جتنی بھی کوشش کر لو
بھولنے کے لیے ہر بار خیالو گے ہمیں