اداکارہ شلپا شیٹی اور شوہر پر فراڈ کا مقدمہ درج
انڈیا کے شہر ممبئی میں معروف اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر کے خلاف پولیس نے ایک شہری کی شکایت پر فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا ہے۔
ممبئی کے باندرا پولیس سٹیشن میں درج کیے گئے مقدمے کے مطابق شہری نتن برائی نے الزام عائد کیا ہے کہ شلپا، ان شوہر راج کندرا اور ڈائریکٹر کاشف خان نے فٹنس کمپنی ایس ایف ایل میں اُن سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرائی۔
شکایت کنندہ کے مطابق اُن کو وعدے اور معاہدے کے مطابق گزشتہ سات برس میں کوئی منافع نہیں دیا گیا۔
مقدمہ درج کرانے والے نے بتایا کہ رقم واپس مانگنے پر ان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے۔