نواز شریف سے ڈیل ’ کون کر رہا ہے اور ثبوت کیا ہے؟‘ فوجی ترجمان
پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نےسابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی اور کسی قسم کی ممکنہ ڈیل کے حوالے کہا ہے کہ یہ سب ’افواہیں اور قیاس آرائیاں‘ ہیں۔
بدھ کو راولپنڈی میں نیوز بریفنگ کے دوران پاکستان مسلم ن کے سربراہ نواز شریف کی وطن واپسی اور کسی ممکنہ ڈیل کے حوالے پوچھے گئے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وہ اس کے جواب میں صرف اتنا کہیں گے کہ ’یہ سب افواہیں، قیاس آرائیاں ہیں، بے بنیاد ہیں، ڈیل کی کوئی بات کرتا ہے، انہی سے سوال کریں کہ کون ڈیل کر رہا ہے، محرکات کیا ہیں اور ثبوت کیا ہے؟‘
انہوں نے کہا کہ ’ایسی کوئی چیز نہیں ہے، اگر کوئی ایسی بات کرتا ہے تو اس سے تفصیلات ضرور مانگیں۔ یہ سب کچھ بے بنیاد ہے، اس پر جتنی کم بات کی جائے، اتنا ہی بہتر ہے۔‘
میجر جنرل بابر افتخار نے پاکستان افغانستان سرحد پر باڑ کے حوالے سے کہا کہ ’یہ امن کی باڑ ہے جو مکمل ہوگی اور قائم رہے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ اس باڑ میں پاکستانی فوجیوں کا خون شامل ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں افغان سرحد پر باڑ کو اکھاڑنے کی خبریں اور ویڈیوز منظرعام پر آئی تھیں۔
تقریباً دو ہفتے قبل پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر خاردار باڑ اکھاڑنے کا پہلا واقعہ 19 دسمبر کو پیش آیا تھا جن طالبان جنگجوؤں نے پاکستانی فوج کو مشرقی صوبے ننگرہار کے ساتھ سرحدی باڑ لگانے سے روک دیا تھا۔
دوسرا واقعہ 30 دسمبر کو پیش آیا جب پاکستانی فوج صوبہ بلوچستان میں افغان سرحد کے قریب خاردار باڑ لگا رہی تھی۔ افغانستان کے صوبے نمروز کی سرحد بلوچستان سے لگتی ہے۔ طالبان نے کہا تھا کہ انہوں نے نمروز کے قریب پاکستانی فوج کو باڑ لگانے سے روکا۔

