پاکستان

شدید برفباری میں بدترین ٹریفک، مری جانے والے راستے بند

جنوری 7, 2022

شدید برفباری میں بدترین ٹریفک، مری جانے والے راستے بند

پاکستان میں اسلام آباد کی انتظامیہ نے سیاحتی مقام مری جانب جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ جمعے کی رات مری میں شدید برفباری کے دوران سیاحوں کے بے پناہ رش کے باعث بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے کیا گیا۔

ادھر وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بڑھتے ہوئےرش کی بدولت سیاحوں کو مری اور گلیات کی طرف جانے سے عاضی طور پرروک دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ مری اور گلیات کی طرف جانے والے سیاحوں کو سترہ میل انٹرچینج سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں ہی شہریوں کو مری اور گلیات کی طرف سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

وزیر داخلہ کے مطابق فیصلے کا مقصد مری اور گلیات سے واپس اترنے والے سیاحوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیملیز اور دیگر سیاحوں کو مری اور گلیات سے باحفاظت واپس لایا جارہا ہے۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مری میں شدید اور تیز برفباری میں مسلسل اضافہ ہوا ہےاور گنجائش سے زائد گاڑیوں کی وجہ ضلع انتظامیہ کی مزید گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے.

ٹریفک پولیس کے مطابق ٹول پلازہ اور داخلی راستوں سے مزید گاڑیوں کو واپس ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے ۔ سیاحوں کی بہتری اور سہولت کی خاطر مری میں مزید گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی لگائی گئی ہے۔

سی پی او ساجد کیانی نے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کےلئے ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس بھرپور محنت کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روڈ پر پھسلن اور برف کے باعث سیاحوں کو ڈرائیونگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او ) راولپنڈی تیمور خان خود بھی اپنے سٹاف کے ہمراہ ایکسپریس وے پر ٹریفک کنٹرول کرنے میں مصروف ہیں.

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے بتایا کہبمسلسل جاری برفباری اور جگہ جگہ پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے. سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹریفک اہلکار اضافی اوقات میں بھی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق ٹریفک افسران و جوان منفی درجہ حرارت میں بھی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کےلئے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

ٹریفک پولیس اہلکار برف میں پھنسی گاڑیوں کو کرین اور ٹو ٹرک کے ذریعے مدد فراہم کر رہے ہیں۔

راولپنڈی کا کہنا تھا کہ شدید برفباری، پھسلن اور رش کی وجہ سے سیاح مری کی طرف سفر سے گریز کریں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے