روہت شرما کے چھکے نے تماشائی کی ناک توڑ دی
انڈیا کے شہر بنگلور میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن انڈین بلے باز روہت شرما کے سری لنکا کے خلاف لگائے گئے ایک چھکے نے سٹیڈیم میں موجود ایک تماشائی کی ناک توڑ دی ہے۔
سری لنکا کے بائیں ہاتھ سے تیز گیندیں کرنے والے وشوا فرنیڈو کی ایک گیند پر روہت شرما نے زوردار چھکا لگایا تو بال تماشائیوں کے درمیان گری۔
سٹیڈیم میں موجود ابتدائی طبی امداد دینے والے ایک اہلکار کے مطابق گیند لگنے سے نوجوان تماشائی کی ناک پر گہرا زخم آیا جس کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ہسمت ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اجیت بینیدکت ریان نے بتایا کہ 22 سالہ زخمی تماشائی کی ناک پر ٹانکے لگائے گئے جبکہ ایکسرے میں معلوم ہوا کہ ہڈی بھی ٹوٹ گئی ہے۔

