عالمی خبریں

پاکستان کے وزیراعظم کے الزامات میں صداقت نہیں: امریکہ

اپریل 1, 2022 2 min

پاکستان کے وزیراعظم کے الزامات میں صداقت نہیں: امریکہ

Reading Time: 2 minutes

امریکہ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ان الزامات کو رد کردیا ہے جن میں ان کی حکومت کےخلاف عدم اعتماد کو بیرونی سازش قرار دیا تھا.
امریکی صدر کے دفتر وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ’ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔‘

جمعرات کو نیوز بریفنگ میں وائٹ ہاؤس کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن کیٹ بیڈینگفیلڈ سے پوچھا گیا کہ عمران خان نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ ان کے خلاف لائی جانے والی تحریک عدم اعتماد میں امریکہ اپوزیشن کا ساتھ دے رہا ہے۔ اس پر کیا تبصرہ ہے؟

اس کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ’ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں۔‘

ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کےمطابق سفارتی ذرائع سے احتجاجی مراسلہ بھجوایا جائے گا۔

رات گئے دفتر خارجہ سے جاری کیے گئے مختصر بیان میں کسی بھی ملک یا اس کے سفیر کی طلبی کا ذکر نہیں۔

تاہم سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔ جس میں قومی سلامتی کمیٹی کی تشویش اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر پاکستان کا باضابطہ احتجاج درج ہے۔

اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کو دھمکی آمیز خط بھیجنے والے ملک کو بھرپور جوابی ردعمل دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں ایک موقع پر امریکہ کا نام لیا تاہم اگلے ہی لمحے انھوں نے کہا کہ ان کا مطلب باہر کا کوئی اور ملک تھا امریکہ نہیں۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں امریکی مداخلت کے الزمات میں کوئی صداقت نہیں۔ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو کوئی دھمکی آمیز خط نہیں بھیجا گیا۔ امریکی حکام پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے